ہرمز میں جہاز رانی کے معاملے پر عمان سے معاہدے کے قریب ہیں:ایرانی حکام

تہران (ایرانی میڈیا) ایران کے نائب وزیر خارجہ و ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے راستے کے نقشے پر مفاہمت طے پا گئی ہے اور دونوں ممالک محفوظ جہاز رانی کے طریقہ کار پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور آبنائے ہرمز میں آمدورفت کے راستے کے نقشے کے حوالے سے مفاہمت حاصل کرلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کی بنیادی وجہ امریکا کے غیر قانونی اقدامات ہیں۔ ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے طریقہ کار طے کرنا ہے۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے اور طے پانے والے ایم او یو میں مقرر کردہ مدت کا تعلق پابندیوں کے خاتمے اور جوہری معاملے پر مذاکرات سے تھا۔

ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ الگ ہے اور اس کا انحصار دیگر متعلقہ معاملات، بالخصوص امریکی اقدامات، پر ہوگا۔ عمان کی جانب سے اس معاہدے کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔