یورپ میں ’کٹ کیٹ‘ چاکلیٹ کی بڑی چوری، 12 ٹن مال غائب

روم (غیر ملکی میڈیا)یورپ میں ’کٹ کیٹ‘ چاکلیٹ کی ایک بڑی کھیپ چوری ہو گئی، جس کے باعث ایسٹر سے قبل مارکیٹ میں قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔سوئس فوڈ کمپنی نیسلے کے مطابق تقریباً 4 لاکھ 13 ہزار سے زائد چاکلیٹ بارز پر مشتمل کھیپ، جس کا وزن لگ بھگ 12 ٹن تھا، گزشتہ ہفتے دورانِ ترسیل غائب ہو گئی۔

کمپنی کے مطابق یہ ٹرک وسطی اٹلی سے روانہ ہوا تھا اور اسے پولینڈ پہنچنا تھا، جہاں سے اسے مختلف یورپی ممالک میں تقسیم کیا جانا تھا، تاہم ٹرک اپنی منزل تک نہیں پہنچ سکا۔کمپنی کے ترجمان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ہم ہمیشہ لوگوں کو ’کٹ کیٹ کے ساتھ بریک لینے‘ کا کہتے ہیں، مگر لگتا ہے چوروں نے اس پیغام کو کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا۔

کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اس چوری کے اثرات سپلائی چین پر پڑ سکتے ہیں، خاص طور پر ایسٹر سے قبل جب چاکلیٹ کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ چوری شدہ چاکلیٹ غیر قانونی یا غیر سرکاری مارکیٹس میں فروخت ہو سکتی ہے، جس پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ ہر چاکلیٹ بار پر مخصوص بیچ کوڈ موجود ہے جس کے ذریعے اس کی شناخت ممکن ہے۔

حکام لاجسٹک پارٹنرز کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہے ہیں، تاہم تاحال نہ ٹرک کا سراغ ملا ہے اور نہ ہی اس میں موجود چاکلیٹ برآمد ہو سکی ہے، جس کے باعث یورپ کی کنفیکشنری سپلائی میں نمایاں خلا پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔