یومِ عاشور : حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت، جلوس اختتام پذیر

لاہور،کراچی(نمائندگان)نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں یومِ عاشور پر ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں مجالسِ عزا منعقد کی گئیں اور ماتمی جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ نکالے گئے، جو سخت سیکیورٹی انتظامات کے درمیان پُرامن طور پر اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

لاہور میں نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جبکہ پشاور، ملتان، فیصل آباد، حیدرآباد، روہڑی، چنیوٹ، گوجرانوالہ، بہاولپور، راجن پور، جھنگ، سرگودھا، لودھراں، ڈیرہ غازی خان، وہاڑی، جہلم، شکرگڑھ، میرپور خاص، بدین، جیکب آباد، لاڑکانہ، نواب شاہ، خیرپور، گلگت، اسکردو، استور، پاراچنار، نوشہرہ، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ، بنوں، جعفرآباد، نصیرآباد، خضدار اور دیگر شہروں میں بھی جلوس اور مجالس منعقد ہوئیں۔

کراچی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جہاں صبح سویرے مجلس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ مجلس کے بعد شبیہِ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔ جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہوئے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

روہڑی کا تاریخی نو ڈھالہ تعزیہ جلوس تقریباً 36 گھنٹے کی مسافت طے کرنے کے بعد شہداء قبرستان اسٹیشن روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جبکہ ملتان میں مرکزی جلوس درگاہ حضرت شاہ شمس تبریزؒ پر اختتام پذیر ہوا۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مرکزی جلوس کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور منتظمین و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جلوسوں کی حفاظت کے لیے پولیس کے سات ہزار اہلکار تعینات کیے گئے۔

ادھر لاہور میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کرکے یومِ عاشور کے جلوسوں کی نگرانی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت اور تحفظ کے لیے صوبے بھر میں مؤثر انتظامات کیے گئے، جبکہ امن کمیٹیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل صورتِ حال کی نگرانی کرتے رہے۔