یو اے ای میں قیامت خیز حادثہ،بے قابو ٹرک کی ٹکرسے 22 گاڑیوں تباہ،14 ہلاکتیں، 30 زخمی

فجیرہ (رائٹرز، گلف نیوز)متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں بے قابو ٹرک نے متعدد گاڑیوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

اماراتی حکام کے مطابق حادثہ شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر فجیرہ کے داخلی راستے کے قریب رات گئے پیش آیا۔ ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور پہلے ایک گاڑی سے ٹکرایا، جس کے بعد ٹرک الٹ کر سست رفتار ٹریفک میں موجود متعدد گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔

تصادم کے نتیجے میں ٹرک میں آگ لگ گئی، جو دوسری متاثرہ گاڑیوں تک بھی پھیل گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، شہری دفاع اور ایمبولینس سروس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 15 کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا، جبکہ 15 تاحال زیرِ علاج ہیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں اماراتی شہری بھی شامل ہیں، جبکہ بعض لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

فجیرہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ ہلاکتوں، زخمیوں اور متاثرہ گاڑیوں سے متعلق غیرمصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں۔