اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ کیخلاف کارروائی کے دوران یو ہال وین کے کارگو حصے میں 12 نوجوانوں کو سوار کرنے پر 17 سالہ ڈرائیور کیخلاف اسٹنٹ ڈرائیونگ کا مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی پرنس آف ویلز ڈرائیو کے علاقے میں کی گئی جہاں یو ہال وین کو روکا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ وین کے کارگو حصے میں 17 سے 18 سال عمر کے 12 نوجوان سوار تھے، جن میں بعض ایک صوفے پر بیٹھے ہوئے تھے، جبکہ 3 افراد گاڑی کے اگلے حصے میں موجود تھے جن میں سے ایک نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی ہوئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ کارگو حصے میں مسافروں کو بٹھانے پر ڈرائیور کے خلاف اسٹنٹ ڈرائیونگ کی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں اس کا ڈرائیونگ لائسنس 30 روز کیلئےمعطل کردیا گیا جبکہ گاڑی کو 14 دن کیلئےضبط کرلیا گیا۔
اسی مہم کے دوران پولیس نے ایک 30 سالہ ڈرائیور پر بھی اسٹنٹ ڈرائیونگ کا مقدمہ درج کیا، جس پر الزام ہے کہ وہ 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد والے علاقے میں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔
اوٹاوا پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 4 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 4 ڈرائیوروں کے خلاف اسٹنٹ ڈرائیونگ کے مقدمات درج کیے گئے۔حکام نے تیز رفتاری، ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی، غیر ضروری شور، ناقص ٹائروں اور سیٹ بیلٹ سے متعلق خلاف ورزیوں پر 23 جرمانے اور 10 عدالتی سمن بھی جاری کیے۔

