13 سالہ طالبہ سے جنسی زیادتی، افغان پناہ گزین کو تقریباً 10 سال قید

ناٹنگھم (نمائندہ خصوصی) سوشل میڈیا پر خود کو نوعمر لڑکا ظاہر کرکے 13 سالہ طالبہ کو جھانسہ دے کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانیوالے 27 سالہ افغان پناہ گزین کو تقریباً 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق ناٹنگھم سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ عبدالحنان نے اسنیپ چیٹ پر خود کو 14 سالہ لڑکا ظاہر کرکے اسکول کی 13 سالہ طالبہ سے رابطہ قائم کیا اور بعد ازاں اسے اپنے ساتھ جنگل میں لے گیا، جہاں اس نے طالبہ کو دو مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔واقعے کے بعد متاثرہ طالبہ وہاں سے فرار ہوگئی اور اپنے والد کو پیش آنے والے واقعے سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے عبدالحنان کو گرفتار کرنے کے بعد فرانزک ٹیسٹ کرایا، جس سے طالبہ سے جنسی زیادتی کی تصدیق ہوئی۔ مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر ناٹنگھم کراؤن کورٹ نے مجرم کو تقریباً 10 سال قید کی سزا سنا دی۔عدالت کو بتایا گیا کہ عبدالحنان 2015 میں ایک لاری کے ذریعے افغانستان سے برطانیہ میں داخل ہوا تھا اور بعد ازاں اس نے برطانیہ میں پناہ کی درخواست دی تھی۔