47 سالہ شخص پر 16 سالہ لڑکے سے جنسی زیادتی کا الزام، پولیس کو مزید متاثرین کا شبہ

ونڈسر (ونڈسر پولیس) 47 سالہ شخص کو 16 سالہ لڑکے سے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس کو شبہ ہے کہ اس کے مزید متاثرین بھی ہوسکتے ہیں۔پولیس کے مطابق 16 سالہ لڑکے سے جنسی زیادتی کی اطلاع ملنے کے بعد جولائی میں تحقیقات شروع کی گئیں۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ متاثرہ لڑکا 2025 کے موسم گرما میں انٹرپرائز وے کے 7100 بلاک میں ایک جسمانی تربیتی مرکز میں ملزم سے ملا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر نوجوان کو اپنی رہائش گاہ پر بلایا، جہاں اسے شراب دی۔ نوجوان کے نشے میں دھت ہونے کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر اس سے جنسی زیادتی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کسی طرح ملزم کی رہائش گاہ سے نکلنے میں کامیاب ہوا اور گھر واپس پہنچا، جہاں اس نے بعدازاں اپنے والدین کو واقعے سے آگاہ کیا۔ والدین نے پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے 21 اگست کو ونڈسر پولیس کے صدر دفتر پہنچ کر خود کو حکام کے حوالے کیا، جہاں اس پر جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا۔تفتیش کاروں کو خدشہ ہے کہ ملزم کے مزید متاثرین بھی ہوسکتے ہیں۔ پولیس نے ایسے کسی بھی شخص سے، جس کے پاس واقعے یا ملزم سے متعلق معلومات ہوں، پولیس سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔