UAE: یکم اپریل سے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 30 سے 70 فیصد اضافہ

ابوظہبی/استنبول ( العربیہ/البیان/بین الاقوامی میڈیا) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث متحدہ عرب امارات میں یکم اپریل سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 سے 70 فیصد تک اضافہ کردیاگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوگا، جو تقریباً 72 فیصد بڑھ کر 2.72 درہم سے 4.69 درہم (1.28 ڈالر) فی لیٹر تک پہنچ جائیگی۔

اسی طرح سپر 98 پیٹرول کی قیمت تقریباً 30 فیصد اضافے کے بعد 3.39 درہم (0.92 ڈالر) فی لیٹر مقرر کی جائیگی، جبکہ اسپیشل 95 پیٹرول 32 فیصد اضافے کے ساتھ 3.28 درہم (0.89 ڈالر) فی لیٹر تک پہنچ جائیگا۔

ای پلس 91 پیٹرول کی قیمت میں بھی 33.3 فیصد اضافہ متوقع ہے جس کے بعد یہ 3.20 درہم (0.87 ڈالر) فی لیٹر ہو جائیگا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات یو اے ای سمیت دیگر ممالک میں بھی ایندھن کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔