جکارتا(رائٹرز / اے پی) انڈونیشیا میں آتش فشاں ’آناک کراکاٹوا‘ سے نکلنے والی راکھ کے باعث دارالحکومت جکارتا کے 2 ایئرپورٹس سمیت 7 ہوائی اڈے تاحال بند ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ جکارتا اور گرد و نواح کے علاقوں تک پھیلنے کے بعد فضائی سفر شدید متاثر ہوا ہے۔حکام کے مطابق آناک کراکاٹوا میں جمعہ کی رات شروع ہونے والی سرگرمی کے بعد راکھ فضا میں بلند سطح تک پہنچی، جس کے باعث پروازوں کی آمد و رفت روکنا پڑی۔
رائٹرز کے مطابق تقریباً 2 ہزار 961 پروازوں کی منسوخی، تاخیر یا رخ موڑے جانے سے لگ بھگ 3 لاکھ 41 ہزار مسافر متاثر ہوئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ جکارتا کے مرکزی سوئیکارنو ہٹا ایئرپورٹ سمیت دیگر ہوائی اڈوں کی بندش کو حفاظتی اقدامات کے تحت برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ رن ویز، ٹیکسی ویز اور دیگر تنصیبات سے آتش فشانی راکھ صاف کی جا رہی ہے۔
آتش فشاں کی نگرانی کرنے والے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید دھماکوں کا امکان برقرار ہے۔حکام نے شہریوں کو آتش فشاں کی راکھ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

