اسرائیل کا ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کیلئے سنگین خطرہ ہے:عاصم افتخار

نیویارک( اقوام متحدہ)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ اسرائیل کا ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کیلئےسنگین خطرہ ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں 4 ہزار 750 نئے رہائشی یونٹس کی منظوری یا ان پر پیش رفت انتہائی تشویشناک رجحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای ون منصوبہ دو ریاستی حل کیلئےایک بڑا چیلنج ہے، کیونکہ اس سے مستقبل کی فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کی رقوم کی بندش فلسطینی اداروں کو کمزور کرنے اور حکمرانی کے نظام کو مفلوج بنانے کی کوشش ہے۔

عاصم افتخار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یکطرفہ اقدامات کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔