امریکا:ایران کی سابق نائب صدر معصومہ ابتکار کے اہلِ خانہ کے ویزے منسوخ

واشنگٹن( رائٹرز، اے ایف پی، العربیہ، بی بی سی)امریکا نے ایران کی سابق نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور معصومہ ابتکار کے بیٹے، بہو اور پوتے کا ویزا منسوخ کر دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ابتکار کے اہل خانہ کے ویزے اور رہائشی حیثیت ختم کر دی ہے۔

مارکو روبیو کے مطابق ابتکار کے بیٹے عیسیٰ ہاشمی، ان کی اہلیہ اور بچے کا ویزا منسوخ کیا گیا ہے اور یہ افراد امریکا میں رہائش کے خصوصی حق کے اہل نہیں تھے۔

امریکی امیگریشن حکام کے مطابق مذکورہ افراد اس وقت حراست میں ہیں اور ان کی ملک بدری کا عمل جاری ہے۔عرب میڈیا کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے یہ اقدام حالیہ فیصلوں کے تسلسل میں سامنے آیا ہے، جن میں مارکو روبیو نے متعدد ایرانی خواتین کے رہائشی حقوق بھی منسوخ کیے تھے۔