امریکی قائم مقام سفیر نٹالی اے بیکر کی سفارتی سرگرمیاں، پاکستان میں اہم کردار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)امریکی سفارت کار نٹالی اے بیکر پاکستان میں امریکہ کیChargé d’affaires قائم مقام سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ امریکی سفارتی مشن اسلام آباد کی سربراہی عبوری طور پر سنبھالے ہوئے ہیں۔نٹالی اے بیکر کا شمار امریکہ کی سینئر فارن سروس افسران میں ہوتا ہے، جنہیں مختلف ممالک میں اہم سفارتی ذمہ داریاں سونپی جا چکی ہیں۔

اپنے کیریئر کے دوران وہ لیبیا میں امریکی مشن کی ڈپٹی چیف اور قائم مقام سربراہ رہ چکی ہیں، جبکہ دبئی میں ایران ریجنل پالیسی آفس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کویت میں امریکی سفارت خانے میں اقتصادی امور کی کونسلر بھی رہ چکی ہیں۔

تعلیمی پس منظر کے مطابق نٹالی اے بیکر نے پرنسٹن یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ انہیں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے سینئر فارن سروس کا اعزاز بھی دیا جا چکا ہے۔

پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران وہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات، اقتصادی تعاون، سیکیورٹی مکالمے اور ترقیاتی امور سے متعلق رابطوں کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ وہ پاکستان میں امریکہ کی باقاعدہ سفیر نہیں عارضی طور پر سفارتی مشن کی سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔