ایران غزہ مذاکرات میں حماس کے ساتھ کھڑا ہوگا:مسعود پزشکیان

تہران(ایرانی صدارتی دفتر، خبر ایجنسیاں)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران غزہ سے متعلق جاری مذاکرات کے دوران حماس کے ساتھ کھڑا ہوگا اور فلسطینی قیادت کے ہر فیصلے کی حمایت جاری رکھے گا۔

ایرانی صدارتی دفتر کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ ایران مذاکراتی عمل میں فلسطینی رہنماؤں کی جانب سے کیے جانے والے ہر اقدام اور ہر فیصلے کی حمایت کرے گا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ہفتے یہ بیان دے چکے ہیں کہ حماس نے امن بورڈ کے علاوہ مصر، قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ہتھیار ڈالنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

ادھر اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس کے مکمل طور پر غیر مسلح ہونے تک اسرائیلی افواج غزہ سے انخلا نہیں کریں گی، جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے غزہ سے انخلا تک وہ ہتھیار نہیں ڈالے گی۔

دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے منگل کو اپنے بیان میں کہا کہ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ سے متعلق منصوبہ قبول نہیں ہے۔