ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی میں ریلی اور جلسہ ملتوی کر دیا، دسمبر میں نئی تاریخ کا اعلان ہوگا

کراچی (نمائندہ خصوصی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے 29 نومبر کو کراچی میں شارعِ فیصل پر نکالی جانے والی ریلی اور باغِ جناح میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ پارٹی قیادت نے یہ فیصلہ شہر کی امن و امان کی صورتِ حال، ممکنہ دہشت گردی کے خطرات اور دوسری سیاسی جماعتوں کے اجتماعات کے باعث تصادم کے خدشے کے پیشِ نظر کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کمشنر کراچی کی جانب سے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دے کر ریلی کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا فیصلہ امتیازی اور غیر منصفانہ ہے، کیونکہ اگر 29 نومبر کو سکیورٹی خطرات موجود تھے تو تمام سیاسی جماعتوں کے اجتماعات پر پابندی عائد کی جانی چاہیے تھی۔

وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کی جماعت نے انسانی جانوں اور شہر کے امن کو سیاسی اجتماع پر ترجیح دی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ممکنہ دہشت گردی کے خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا، جبکہ اسی روز سندھ ترقی پسند پارٹی سمیت قوم پرست گروہوں کی سرگرمیوں کے باعث تصادم کا خدشہ بھی موجود تھا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر ریلی کی اجازت مل بھی جاتی اور کسی ناخوشگوار واقعے یا تصادم کا خطرہ برقرار رہتا تو جماعت پھر بھی اسے منسوخ کر دیتی۔ ان کے بقول کسی ایک شہری کی جان یا املاک کو خطرہ لاحق ہو تو ایم کیو ایم ریلی کی تاریخ 10 مرتبہ بھی تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلی ملتوی کرنے کے فیصلے کو جماعت کی کمزوری نہ سمجھا جائے، نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک جاری رہے گی اور دسمبر میں نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نہیں چاہتی کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے اور اس کا الزام جماعت پر عائد کیا جائے یا نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی ملتوی کرنے کا فیصلہ کراچی کے امن، کاروباری سرگرمیوں اور شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ قوم پرست جماعتوں کی سرپرستی کر رہی ہے اور ایم کیو ایم کی انتظامی یونٹس کے قیام کی مہم میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ کسی لسانی یا نسلی تقسیم کے لیے نہیں بلکہ سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بہتر انتظامی نظام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی، لاڑکانہ اور نواب شاہ سمیت مختلف علاقوں کے عوام کو بہتر سیاسی نمائندگی، وسائل اور بنیادی سہولتوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز بھی دہرائی۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے 29 نومبر کو شارعِ فیصل پر ریلی نکالنے اور باغِ جناح میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب سندھ ترقی پسند پارٹی نے بھی اسی روز اجتماع کی اجازت طلب کر رکھی تھی۔ محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق پہلے درخواست جمع کرانے والی جماعت کو ترجیح دینے اور ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے ایم کیو ایم کو ریلی کی تاریخ اور روٹ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ کمشنر کراچی نے بھی شارعِ فیصل پر ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔