بحیرہ عرب میں لاپتا کارگو طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے قریب مل گیا، سرچ آپریشن جاری

کراچی (نمائندہ خصوصی) بحیرہ عرب میں لاپتا ہونے والے نجی کمپنی کے کارگو طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں مل گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران طیارے کے ملبے کا سراغ لگایا۔

اطلاعات کے مطابق مزید شواہد اکٹھے کرنے اور طیارے کے عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے، جس میں پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری اور فضائی اثاثے حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نجی کمپنی کا کارگو طیارہ شارجہ سے کراچی آنے کے دوران نیوی گیشن سسٹم میں خرابی رپورٹ کرنے کے بعد بحیرہ عرب میں ریڈار اور فضائی کنٹرول سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد لاپتا ہوگیا تھا۔