برامپٹن: کنزرویٹو پارٹی کی مقبولیت میں کمی، لبرلز کی برتری کا امکان

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)برامپٹن میں حالیہ ماڈلنگ رپورٹس کے مطابق” کنزرویٹو پارٹی آف کینیڈا” کی مقبولیت میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے حالانکہ گزشتہ 2025 کے انتخابات میں پارٹی نے غیرمعمولی کارکردگی دکھائی تھی۔

پول ایگریگیٹر 338Canada کے تازہ اندازوں کے مطابق شہر کی تمام چھ نشستوں پر اب”لبرل پارٹی آف کینیڈا” کی جیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2025 کے انتخابات کے بعد کنزرویٹو پارٹی نے برامپٹن میں خاصی پیش رفت کی تھی جو ماضی میں 1990 کی دہائی سے لبرلز کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا رہا ہے۔ تاہم حالیہ سیاسی صورتحال میں تبدیلی اس وقت آئی جب چار کنزرویٹو ارکان پارلیمنٹ نے پارٹی چھوڑ کر لبرلز کا ساتھ دے دیا جس سے لبرلز کو اکثریت کی حکومت بنانے میں مدد ملی۔

کنزرویٹو پارٹی کےمرکزی رہنما پیئر پوئیلیورے نے گزشتہ موسم خزاں میں برامپٹن کا دورہ بھی کیا تھا اور 2025 کے انتخابات میں پارٹی کی کامیابیوں کو اجاگر کیا تھا، تاہم تازہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ پارٹی کی حمایت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق برامپٹن میں ووٹرز کا رجحان پھرسے لبرلز کی جانب بڑھ رہا ہےجس سے آئندہ انتخابات میں سیاسی مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔