تہران:دباؤ کے سامنے جھکنے والے نہیں، اپنا دفاع کرینگے: ایرانی صدرمسعود پزشکیان

تہران(ایرانی میڈیا) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں، تاہم جنگ یا جارحیت کا خواہاں بھی نہیں ہے۔صدارتی عہدے کے 2 سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران صرف اپنی دفاعی صلاحیتوں اور سلامتی کا تحفظ کررہا ہے، اگر ایران کے خلاف دباؤ اور دھمکیاں ختم ہوجائیں تو کشیدگی جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں رہے گی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران مذاکرات کے ذریعے لبنان میں جنگ رکوانے، ناکہ بندی ختم کروانے اور بعض پابندیوں میں نرمی کروانے میں کامیاب رہا ہے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ کچھ عناصر چاہتے ہیں کہ ایران جنگ کرے، یہی اسرائیل بھی چاہتا ہے تاکہ ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جاسکے، تاہم ایران سرینڈر نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایران پر حملوں کیلئے خطے کے ممالک کی سرزمین استعمال کررہا ہے، ایران اس کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کسی ملک پر جارحیت نہیں چاہتا لیکن اپنے عوام، خودمختاری اور سلامتی کے دفاع سے بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

پزشکیان نے کہا کہ حکومت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور مسلح افواج کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی مشکل حالات پر قابو پانے میں بنیادی عنصر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون کے ذریعے ایران موجودہ مشکلات کا مقابلہ کرنے اور ملک کی سلامتی و استحکام کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگا۔