جنرل سمیع سادات کاطالبان کیخلاف مسلح کارروائیوں کا اعلان،امریکاسے حمایت کی اپیل

کابل(خبر ایجنسیاں) افغان شمالی اتحاد سے وابستہ تنظیم یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان کے سربراہ جنرل سمیع سادات نے طالبان کے خلاف مسلح کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے امریکا، نیٹو اور عالمی برادری سے سیاسی حمایت کی اپیل کی ہے۔

جنرل سمیع سادات نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کی تنظیم نے قندھار سے طالبان کیخلاف مسلح سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی افواج صرف طالبان ہی نہیں بلکہ القاعدہ، داعش اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کیخلاف بھی کارروائیاں کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمسایہ ممالک کیلئےمسائل پیدا نہیں کرنا چاہتے اور اپنے مستقبل کو خطے کے ممالک کے ساتھ دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ طالبان کے خلاف برسرِپیکار ہے۔

سمیع سادات نے کہا کہ طالبان کے خلاف کارروائیوں کے دوران ان کی افواج بین الاقوامی قوانین کی پابندی کریں گی اور اپنی کارروائیوں کیلئے کسی دوسرے ملک سے اجازت نہیں لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد صرف افغانستان کو طالبان کی حکمرانی سے آزاد کرانا ہے اور عالمی برادری کو تاریخ کے درست رخ پر کھڑا ہونا چاہیے۔