سوات(نامہ نگاران+عرب نیوز)سوات کی وادی کالام میں واقع جھیل سیف اللہ میں سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ابتدائی طور پر 6 لاشیں نکال کر کالام اسپتال منتقل کی گئیں، تاہم بعد ازاں خیبرپختونخوا سیاحت و ثقافت اتھارٹی نے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہونے کی تصدیق کی۔
خیبرپختونخوا سیاحت و ثقافت اتھارٹی کے میڈیا ڈائریکٹر سعد بن اویس نے بتایا کہ جھیل سیف اللہ میں پیش آنے والے حادثے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ باقی لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اگر حادثے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے ریسکیو اداروں کو ہدایت کی ہے کہ لاپتا بچی سمیت دیگر افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں۔

