لاہور (خصوصی رپورٹر) اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی غیر ملکی خاتون کو بحفاظت اس کے وطن واپس پہنچانے کیلئےآذربائیجان جانیوالے لاہور پولیس کے تینوں افسران فرائض کی انجام دہی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ تینوں پولیس افسران متاثرہ خاتون کے ہمراہ گزشتہ روز صبح پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ ہوئے تھے۔ متاثرہ لڑکی کو باکو پہنچانے والی اس ٹیم میں اے ایس پی خاتون بریرہ، ڈی ایس پی قمر عباس اور ایک اور خاتون پولیس آفیسر شامل تھے، جو خاتون کو اپنی تحویل اور حفاظتی حصار میں لے کر باکو پہنچے تھے۔
پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ان پولیس افسران کو متاثرہ خاتون کے ساتھ باکو بھیجنے کی خصوصی سفارش آذربائیجان کے سفارت خانے کی جانب سے کی گئی تھی، تاکہ سفر کے دوران متاثرہ خاتون کی مکمل سیکیورٹی اور معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔
متعلقہ لڑکی کو اس کے آبائی وطن کے حوالے کرنے کے بعد، اس کے ساتھ جانے والے لاہور پولیس کے تینوں افسران اتوار کی رات گئے پرواز کے ذریعے بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

