غیر ملکی خواتین کے اغواء و زیادتی کیس: 4 ملزمان 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور (نمائندہ خصوصی) کینٹ کچہری لاہور نے دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغواء اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار چار ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس نے ملزمان رضا ڈار سمیت چاروں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونیوالی گاڑی برآمد کر لی گئی ہے، تاہم مبینہ طور پر متاثرہ خواتین سے حاصل کی گئی رقم کی برآمدگی ابھی باقی ہے، جس کیلئے مزید تفتیش درکار ہے۔

سماعت کے دوران ملزمان ساجد، حسن رضا اور سکندر کی جانب سے وکیل سلمان شاہد عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ ملزم رضا ڈار کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد چاروں ملزمان کو مزید تفتیش کیلئےچار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔