لاہور: ٹیوشن سینٹر میں طالبہ کی پراسرار ہلاکت، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشاف

لاہور(نامہ نگار) اچھرہ میں ٹیوشن سینٹر میں جاں بحق ہونے والی 10 سالہ طالبہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق بچی کی موت گلے میں پھندا لگنے سے دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔

پوسٹ مارٹم کے بعد چھٹی جماعت کی طالبہ کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق بچی کے گلے پر رسی کا واضح نشان موجود ہے، جبکہ جسم پر تشدد یا زبردستی کے دیگر کوئی نشانات نہیں پائے گئے۔

ذرائع کے مطابق موت کی حتمی وجہ کا تعین فرانزک اور کیمیکل ایگزامینر کی تفصیلی رپورٹس آنے کے بعد کیا جائے گا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے فنگر پرنٹس اور ڈی این اے شواہد فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 10 سالہ طالبہ معمول کے مطابق ٹیوشن سینٹر گئی تھی۔ کلاس کے دوران وہ واش روم گئی، لیکن 10 منٹ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود واپس نہ آنے پر انتظامیہ نے واش روم کا دروازہ توڑا، جہاں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔

مقتولہ کے والد کے مطابق ٹیوشن سینٹر سے انہیں اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی بے ہوش ہو گئی ہے۔ وہ فوری طور پر بچی کو اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر چکی تھی۔

پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے خودکشی، قتل اور دیگر تمام ممکنہ پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ٹیوشن سینٹر کے مالکِ مکان کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، جبکہ جائے وقوعہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی معلومات میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ متوفی طالبہ ماضی میں مبینہ طور پر ایک بار خودکشی کی کوشش کر چکی تھی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی نتائج سامنے آنے تک تمام ممکنہ زاویوں سے تفتیش جاری رہے گی۔