لندن(خبر ایجنسیاں)لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے شکاگو جانے والی برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے 295 میں دورانِ پرواز سنگین فنی خرابی کے بعد طیارہ صرف 6 منٹ میں 36 ہزار فٹ سے 9 ہزار فٹ کی بلندی پر آگیا، جس کے بعد پائلٹس نے ہنگامی کوڈ جاری کرکے طیارے کا رخ واپس لندن کی جانب موڑ دیا۔

پرواز کی روانگی کے تقریباً 55 منٹ بعد بوئنگ 777 طیارہ آئرلینڈ کی فضائی حدود میں 36 ہزار فٹ کی معمول کی بلندی پر پرواز کررہا تھا کہ اچانک تیزی سے نیچے آنا شروع ہوگیا اور تقریباً 6 منٹ میں 9 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچ گیا۔پائلٹس نے ہنگامی صورت حال کا کوڈ 7700 جاری کیا اور شکاگو جانے کا سفر منسوخ کرکے طیارے کو واپس لندن لے جانے کا فیصلہ کیا۔
حفاظتی طریقۂ کار کے تحت طیارے کا اضافی ایندھن کم کرنے کے لیے اسے لندن کے قریب سمندر پر تقریباً ڈھائی گھنٹے تک چکر لگانا پڑے، اس دوران طیارہ 9 ہزار فٹ سے زیادہ بلندی حاصل نہ کرسکا۔روانگی کے تقریباً پونے پانچ گھنٹے بعد طیارے نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہنگامی مگر بحفاظت لینڈنگ کی۔لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا جبکہ طیارے کا فنی معائنہ جاری ہے۔

