مسّی ساگا:چارٹر آف رائٹس کی 44ویں سالگرہ پر اقراء خالد کاخصوصی پیغام

مسّی ساگا(نمائندہ خصوصی)اقراء خالد نے کینیڈا کے آئینی چارٹر آف رائٹس اینڈ فریڈمز کی 44ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کینیڈا ان کیلئے صرف پیدائشی وطن نہیں بلکہ ایک منتخب اور اپنایا گیا گھر ہے، جہاں انہوں نے تعلیم حاصل کی اور عوامی خدمت کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔

مسّی ساگا کے علاقے ایرن ملز میں جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے بطور رکنِ پارلیمنٹ ان کیلئے سب سے اہم احساس یہی رہا ہے کہ چارٹر آف رائٹس اینڈ فریڈمز کینیڈا کی وحدت، مساوات اور شہری آزادیوں کی بنیاد ہے۔

اقراء خالد نے کہا کہ یہ چارٹر نہ صرف شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے بلکہ ایک کثیر الثقافتی معاشرے میں باہمی احترام اور ہم آہنگی کو بھی مضبوط بناتا ہے۔ ان کے مطابق یہ دستاویز انہیں اپنی شناخت کے ساتھ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے اور عوامی خدمت جاری رکھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی چارٹر آف رائٹس کے تحفظ اور فروغ کیلئےاپنی جدوجہد جاری رکھیں گی تاکہ کینیڈا میں ہر شہری کے حقوق اور وقار کو یقینی بنایا جا سکے۔اقراء خالد نے آخر میں کینیڈا کے چارٹر آف رائٹس اینڈ فریڈمز کی 44ویں سالگرہ پر عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔