مسی ساگا(نمائندہ خصوصی)دی صادقین فاؤنڈیشن نے کے بی رگز اور پاکستان ٹائمز کے تعاون سے معروف مصور صادقین کے غیر معمولی فن پاروں کی 3 روزہ آرٹ نمائش کا انعقاد کیا ہے۔نمائش کے دوران کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے خصوصی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ پاکستان نے اپنی مختصر تاریخ میں امن، سفارت کاری اور عالمی تعاون میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں سب سے بڑے دستوں میں شامل رہا ہے اور کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی بھی کرتا رہا ہے۔محمد سلیم نے کہا کہ پاکستان نے مشرق اور مغرب کے درمیان روابط قائم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، اور تاریخی طور پر چین اور مغربی دنیا کے تعلقات میں سہولت کاری میں پاکستان کا کردار تسلیم شدہ ہے۔
انہوں نے صادقین کے فن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے زیادہ تر فن پارے قرآن پاک کی آیات پر مبنی ہیں، جو اسلامی تہذیب و ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صادقین نے پیرس جیسے عالمی فنون کے مرکز میں کام کیا، جبکہ پاکستانی ذہن دنیا بھر میں ادب، شاعری، سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت اور امن کے قیام سمیت ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے کہا کہ پاکستانی نژاد افراد کو اپنے ورثے پر فخر کرنا چاہیے کیونکہ وہ کسی بھی شعبے میں دنیا سے کم نہیں ۔نمائش میں صادقین کے فن پارے عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جبکہ داخلہ مفت اور پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

