مٹیاری (نامہ نگار) مٹیاری میں وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب یوسف والا کول ہاپر مال گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 17 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور اپ و ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک مکمل طور پر بند ہوگئے۔
ڈی سی او ریلویز کراچی کے مطابق حادثے کے باعث ریلوے ٹریک کی بحالی میں وقت درکار ہوگا، جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت تقریباً 24 گھنٹے تک معطل رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے کل تک چلنے والی متعدد ٹرینیں معطل کر دی گئی ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کو حیدرآباد ریلوے اسٹیشن، علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری، پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی، تیزگام ایکسپریس کو ڈرگ روڈ جبکہ ملت ایکسپریس اور فرید ایکسپریس کو کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن نے کہا ہے کہ کراچی ڈویژن اپنی حدود میں متاثر ہونے والے تمام مسافروں کو ٹکٹوں کی رقم واپس کرے گا۔
دریں اثنا، ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی نے بتایا کہ تمام ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق روہڑی سے روانہ ہونے والی ریلیف ٹرین رات 10 بجے تک جائے حادثہ پر پہنچ جائے گی، جبکہ کوٹری سے بھی ایک ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جیکب آباد سے کراچی آنے والی سکھر ایکسپریس آج کے لیے منسوخ کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے سے ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے، اس لیے بحالی کے کام میں کافی وقت لگ سکتا ہے، تاہم دونوں ٹریک جلد از جلد بحال کرکے ٹرین آپریشن دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

