مٹیاری (نامہ نگار) مٹیاری میں وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب کوئلے سے لدی مال بردار ٹرین کی 16 ہوپر ویگنیں پٹری سے اتر گئیں، جس کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
ریلوے حکام کے مطابق مال گاڑی کراچی سے کوئلہ لے کر یوسف والا جا رہی تھی کہ وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے کے نتیجے میں 16 ہوپر ویگنیں پٹری سے اتر گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم اپ اور ڈاؤن ٹریک بند ہونے کے باعث مسافر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ریسکیو اور انجینئرنگ ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرہ ویگنوں کو ہٹاکر ٹریک بحال کیا جا سکے۔
حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک پر چلنے والی متعدد مسافر ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے، جبکہ ریلوے حکام بحالی کا کام تیزی سے مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

