وینکوور(کینیڈین میڈیا) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں جنگلات کی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف علاقوں میں 20 ہزار سے زائد افراد کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔
سمرلینڈ کے قریب لگی بالڈ رینج آگ کے باعث سمرلینڈ کے تقریباً 12 ہزار شہریوں سمیت اردگرد کے ہزاروں افراد اتوار کو بھی گھروں سے باہر ہیں۔ انخلاء کے انتباہات پینٹکٹن کے کنارے تک جنوب میں جبکہ پیچ لینڈ سے ہائی وے 97 سی تک شمال میں جاری ہیں۔
برٹش کولمبیا وائلڈ فائر سروس کے مطابق بالڈ رینج آگ انتہائی خطرناک شدت سے پھیل رہی ہے اور آگ نے پانچویں اور چھٹی سطح کی شدت اختیار کرلی ہے، جو جنگلات کی آگ کی بلند ترین سطح ہے۔
حکام کے مطابق آگ تیزی سے پھیل رہی ہے جبکہ شعلوں سے اڑنے والے انگارے ایک کلومیٹر دور تک پہنچ کر نئی جگہوں پر آگ بھڑکا رہے ہیں۔ آگ کی اس شدت کے باعث زمینی عملے کیلئے براہ راست کارروائی انتہائی خطرناک ہے۔
زیادہ تر متاثرہ افراد امداد کیلئے پینٹکٹن پہنچ گئے ہیں جہاں محدود رہائشی سہولیات کے باعث انہیں رشتہ داروں یا دوستوں کے ہاں قیام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام کے مطابق آگ کے باعث بعض گھر تباہ ہوچکے ہیں تاہم متاثرہ گھروں کی حتمی تعداد نہیں بتائی گئی۔ میڈو ویلی کے علاقے میں ممکنہ ہلاکت کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ آگ جمعے کی شام پہلی مرتبہ دیکھی گئی تھی اور تیزی سے پھیلنے کے باعث شعلوں میں گھرے درجنوں افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ ہفتے کی رات تک آگ 103 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیل چکی تھی۔
صوبائی حکومت نے جنگلات میں آگ کی صورتحال میں غیر معمولی شدت کے باعث ہفتے کو ہنگامی حالت نافذ کردی۔ حکام کے مطابق طویل عرصے سے جاری شدید گرمی اور خشک موسم نے جنوبی برٹش کولمبیا میں آگ کے انتہائی خطرناک حالات پیدا کردیئے ہیں۔
برٹش کولمبیا میں 100 سے زائد مقامات پر جنگلات کی آگ بھڑک رہی ہے، جن میں بوسٹن بار کے مشرق میں واقع 485 مربع کلومیٹر پر پھیلی آئنزلی کریک آگ بھی شامل ہے۔حکام کے مطابق بریڈلی کریک آگ سے اوکاناگن انڈین بینڈ کی زمین پر کم از کم 230 املاک تباہ ہونے کا خدشہ ہے، تاہم ہفتے کو اس آگ کو ’’قابو میں‘‘ قرار دیا گیا، یعنی موجودہ حالات میں اس کے مزید پھیلنے کا امکان نہیں۔
دوسری جانب ہزاروں افراد اوکاناگن جھیل کے شمالی حصے میں لگی بریڈلی کریک اور کوئلپیٹک کریک آگ کے باعث اب بھی بے گھر ہیں۔ کلنٹن اور 70 مائل ہاؤس سے شہریوں کو نکالنے کا سبب بننے والی پیر جھیل آگ بھی پھیل کر ایک ہزار 429 مربع کلومیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
بالڈ رینج آگ کے باعث ہائی وے 97 پیچ لینڈ کے جنوبی حصے سے کِک نینی صوبائی پارک تک بند کردی گئی ہے۔کوئلپیٹک کریک آگ کے باعث اوکاناگن جھیل کے مغربی کنارے کی سڑک 50 کلومیٹر تک بند ہے، جبکہ کلنٹن کے علاقے میں ہائی وے 97 بھی 60 کلومیٹر تک بند ہے۔برنسوک لیک کمپلیکس آگ کے باعث ییل اور بوسٹن بار کے درمیان ہائی وے 1 کا تقریباً 40 کلومیٹر حصہ بھی بند ہے۔
جنگلات کی آگ کے دھویں کے باعث بعض علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے۔ کاملوپس میں ایئر کوالٹی ہیلتھ انڈیکس 10 سے زائد اور کرین بروک میں 10 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی بلند خطرے کی سطح ہے۔کیلگری، کیلونا، وِنڈسر، ٹورنٹو، لیتھ برج اور دیگر شہروں میں فضائی آلودگی کا اشاریہ نسبتاً کم سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

