ٹوبہ ٹیک سنگھ: نوجوان نے ذاتی طیارہ تیار کر لیا:حکومتی تعاون کی اپیل

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے میں نوجوان محمد شہزاد نے ذاتی طیارہ تیار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے حکومت سے تعاون اور حوصلہ افزائی کی اپیل کر دی۔محمد شہزاد کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی انہوں نے ایک طیارہ تیار کیا تھا جو تقریباً 45 منٹ تک فضا میں پرواز کرتا رہا، تاہم بعد میں انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہوابازی کا شوق انہیں دوبارہ طیارہ بنانے کی طرف لے کر آیا اور اس مرتبہ بھی انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاکھوں روپے خرچ کرکے نیا طیارہ تیار کیا۔محمد شہزاد کے مطابق انہوں نے طیارے کی گراؤنڈ ٹیسٹنگ کی تھی، پرواز نہیں کرائی، اس کے باوجود پولیس ان کے گھر پہنچ گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ طیارے کی تیاری پر تقریباً 9 لاکھ روپے لاگت آئی اور اس کے لیے انہوں نے اپنے بچوں کی ضروریات تک قربان کیں۔محمد شہزاد کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی فضائیہ کے جہاز اڑا چکے ہیں اور ان کے پاس فلائنگ سرٹیفکیٹ اور اعزازی اسناد موجود ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماہرین کی ٹیم بھیج کر ان کے طیارے اور صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے تاکہ ان کی محنت ضائع نہ ہو۔محمد شہزاد نے کہا کہ اگر انہیں مثبت جواب نہ ملا تو ایک غریب آدمی کے خواب اور محنت سب ختم ہو جائیں گے۔