پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، سری لنکا نے 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی

لاہور (نمائندہ خصوصی) تین ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی بیٹرز انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25.3 اوورز میں محض 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسن نواز نے 17، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 15 اور عرفات منہاس نے 10 رنز بنائے، جبکہ دیگر کوئی بھی بیٹر دوہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 11 رنز پر گری جب فخر زمان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 23 رنز پر معاذ صداقت کی گری جنہوں نے 8 رنز بنائے۔ سعد بیگ 5 رنز بنا کر 46 کے مجموعے پر پویلین لوٹے، جبکہ سلمان علی آغا 9 رنز بنا کر 61 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم 29 رنز بنا کر پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے، ان کے بعد شاداب خان 2 رنز بنا کر چھٹی وکٹ کی صورت میں پویلین لوٹ گئے۔ عرفات منہاس 10، حسن نواز 17 اور حارث رؤف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ آخری وکٹ کپتان شاہین شاہ آفریدی کی گری جنہوں نے 15 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشن مدوشنکا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا نے 111 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کمنڈو مینڈس نے 62 اور پوون رتنائیکے نے 23 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں، جبکہ اوشکا فرنینڈو 16 اور کوشل مینڈس 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے تین ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ انگلینڈ کے خلاف گروپ کا اس کا آخری میچ اب رسمی کارروائی رہ گیا ہے۔