پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کی پالیسی مسترد کر دی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی مجوزہ پیٹرولیم پرائس ڈی ریگولیشن پالیسی مسترد کرتے ہوئے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے کہا کہ حکومت کی مجوزہ پالیسی قابلِ قبول نہیں، حکومت اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور مسائل کا بوجھ پیٹرول پمپ مالکان پر نہ ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے ساتھ قیمتوں کے تعین کا نیا نظام نافذ کرنے سے قبل تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے، کیونکہ ملک بھر کے تقریباً 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان اس مجوزہ پالیسی پر شدید تحفظات رکھتے ہیں۔

نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین سے آئل ٹینکرز، ترسیل کے نظام اور پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین متاثر ہوگی، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یکطرفہ فیصلے کرنے کے بجائے پیٹرول پمپ مالکان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے تاکہ ایسا قابلِ عمل نظام تشکیل دیا جا سکے جو تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہو۔