چین میں داخلے کیلئے مارکو روبیو کا نام تبدیل کرکے ’’مارکو لو‘‘ درج کیاگیا

بیجنگ(الجزیرہ، چینی میڈیا رپورٹس)چین میں داخلے پر پابندی کے باوجود امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ سفارتی دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق چینی حکام نے ایک سفارتی تکنیک استعمال کرتے ہوئے سرکاری دستاویزات میں مارکو روبیو کا نام تبدیل کرکے ’’مارکو لو‘‘ درج کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نام میں اس تکنیکی تبدیلی کے ذریعے چین نے بظاہر پابندیاں برقرار رکھتے ہوئے روبیو کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی۔چینی حکومت نے روبیو کے نام کے پہلے حصے کو ایک مختلف چینی حرف سے منتقل کیا، جس کے باعث ان کا نام ’’لو‘‘ کے طور پر ظاہر ہوا۔

رپورٹ کے مطابق اسی طریقے سے بیجنگ نے پابندیاں رسمی طور پر برقرار رکھتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کی آمد ممکن بنائی۔واضح رہے کہ چین نے مارکو روبیو پر اُس وقت پابندیاں عائد کی تھیں جب وہ امریکی سینیٹر تھے۔رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 میں وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے سے کچھ عرصہ قبل ہی چینی حکومت اور سرکاری میڈیا نے ان کے نام کی نئی نقل استعمال کرنا شروع کردی تھی۔

چینی وزارت خارجہ نے مارچ میں عندیہ دیا تھا کہ اگر مارکو روبیو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ بیجنگ میں سربراہی اجلاس میں شریک ہوں تو ان پابندیوں میں نرمی کی جاسکتی ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے اُس وقت کہا تھا کہ پابندیاں روبیو کے اُن بیانات اور اقدامات کے باعث لگائی گئی تھیں جو انہوں نے امریکی سینیٹر کی حیثیت سے چین کے خلاف کیے تھے۔