کوٹ ادو(نامہ نگار)کوٹ ادو میں پولیس میں ملازمت کیلئےدرخواست جمع کرانے کے بہانے گھر سے نکلنے والی دو لڑکیاں لاپتا ہو گئی ہیں، جس پر پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے موضع چوہدری سے یکم جولائی کو دونوں لڑکیاں اپنے اہلِ خانہ کو یہ بتا کر گھر سے نکلیں کہ وہ مظفر گڑھ پولیس میں نوکری کے لیے درخواست دینے جا رہی ہیں، تاہم اس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیوں کے موبائل فون بھی بند جا رہے ہیں، جبکہ انہیں شبہ ہے کہ نامعلوم افراد نے دونوں کو اغوا کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ سٹی کوٹ ادو میں درج کر لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کے ساتھ لاپتا لڑکیوں کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان مظفر گڑھ پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس وقت پولیس میں نہ کوئی بھرتی ہو رہی ہے اور نہ ہی بھرتیوں کا کوئی عمل جاری ہے، تاہم واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

