گوجرانوالہ( رائٹرز، اے ایف پی)گوجرانوالہ میں بیوی اور 3 سالہ بیٹی کے قتل کیس میں زیر حراست مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں اپنے ایک ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو آلہ قتل کی برآمدگی کیلئے پپناکھا کے علاقے میں لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کیلئے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، جس میں مرکزی ملزم نے مبینہ طور پر اپنے پڑوسی کے ساتھ مل کر بیوی اور کمسن بیٹی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم دوسری شادی کرنا چاہتا تھا جس پر اس نے یہ افسوسناک اقدام کیا۔
ادھر کیس میں ایک اور پیش رفت کے مطابق گرفتار ملزم یاسر نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بیان دیا کہ اس نے واردات سے قبل خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد میں اسے بتایا کہ یہ قتل اس کے شوہر کے کہنے پر کیا جا رہا ہے۔
سی پی او ڈاکٹر غیاث گل کے مطابق مرکزی ملزم شوہر مصطفیٰ نے دوسری شادی کیلئے منصوبہ بنایا اور اپنے ساتھی یاسر کو ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض قتل پر آمادہ کیا۔ منصوبے کے تحت شوہر گھر سے باہر نکلا جبکہ یاسر گھر میں داخل ہوا، جہاں اس نے خاتون اور بعد ازاں بچی کو قتل کیا۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو عدالت نے چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔

