ہنر مند نوجوانوں کیلئے نئے مواقع، “ٹیم کینیڈا اسٹرونگ” پروگرام کا اعلان

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں بدلتی عالمی تجارتی صورتحال کے تناظر میں وفاقی حکومت نے ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے “ٹیم کینیڈا اسٹرونگ” کے نام سے بڑے قومی پروگرام کا اعلان کر دیا، جس کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ تک اسکلڈ ٹریڈز ورکرز کو بھرتی، تربیت اور روزگار فراہم کیا جائے گا۔

برامپٹن ساؤتھ سے رکن پارلیمنٹ سونیاسدھو نے اس اقدام کو نوجوانوں اور کارکنوں کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے برامپٹن سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو بامعاوضہ تربیت، تیز رفتار اپرنٹس شپ اور بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

کینیڈین حکومت کے مطابق “ٹیم کینیڈا اسٹرونگ”پروگرام پر پانچ برسوں میں 6 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے، جس کے ذریعے ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر، کلین انرجی اور دفاعی صنعتوں کیلئے ہنر مند افرادی قوت تیار کی جائے گی۔

پروگرام کے تحت پہلے سال کے اپرنٹس کیلئے 10 ہزار ڈالر تک اجرتی معاونت، تیز رفتار ڈیجیٹل سرٹیفکیشن، تربیت مکمل کرنے پر 5 ہزار ڈالر بونس اور دورانِ تربیت 16 ہزار ڈالر تک آمدنی سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ 2033 تک کینیڈا کو 14 لاکھ سے زائد نئے اسکلڈ ٹریڈز ورکرز کی ضرورت ہوگی جبکہ یہ پروگرام بڑھتی ہوئی آبادی والے شہروں خصوصاً برامپٹن میں مقامی افراد کیلئے روزگار اور تربیت کے نئے دروازے کھولے گا۔

وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا کہ ہم کینیڈاکی بندرگاہوں، ریلوے، کان کنی اور لاکھوں گھروں کی تعمیر جیسے بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے اسلئے ہنر مند شعبوں سے وابستہ افراد کیلئے آنیوالا وقت نہایت اہم ہوگا۔