افغانستان: ایران سے واپس آنیوالے مہاجرین کی بس ٹینکر اور موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی، 76 ہلاک

ہرات (نمائندہ خصوصی/ اے ایف پی) — افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 76 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں 17 بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایران سے واپس آنے والے مہاجرین کو لے جانے والی بس تیز رفتاری کے باعث ایک آئل ٹینکر اور موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی، جس میں سوار تمام مسافر جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ ٹینکر میں سوار 2 افراد اور موٹرسائیکل پر موجود 2 افراد بھی جان کی بازی ہار گئے۔

ہرات صوبائی حکومت کے ترجمان محمد یوسف سعیدی کے مطابق، بس میں وہ افغان مہاجرین سوار تھے جو حال ہی میں ایران سے واپس بھیجے گئے تھے اور کابل جا رہے تھے۔ یہ افراد اسلام قلعہ بارڈر کراسنگ سے بس میں سوار ہوئے تھے، جہاں سے بڑی تعداد میں افغان شہریوں کو حالیہ مہینوں میں زبردستی ملک بدر کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ حادثہ ہرات شہر کے نواحی ضلع گزرہ میں پیش آیا۔ مقامی حکام کے مطابق جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور جھلسنے کے باعث بیشتر لاشوں کی شناخت مشکل ہو گئی ہے۔

افغانستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں، جن کی بڑی وجوہات میں جنگ زدہ ملک کی خستہ حال سڑکیں، ناقص ٹریفک قوانین اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ شامل ہیں۔گزشتہ سال دسمبر میں بھی افغانستان کے وسطی علاقے میں ایک فیول ٹینکر اور ٹرک سے دو بسوں کے تصادم میں کم از کم 52 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں