برطانوی ایئر بیس سے طیارے دھمکی کے بعد ہٹائے گئے: ٹرمپ

واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ایئر بیس سے امریکی بمبار طیارے غلطی سے نہیں ہٹائے گئے بلکہ امریکا کو دھمکی موصول ہوئی تھی۔

امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ دھمکی کے بعد برطانیہ کی کاؤنٹی گلوسٹر شائر میں واقع آر اے ایف فیئر فورڈ سے بی ون بمبار طیاروں سمیت تمام امریکی بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کیے گئے۔

ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طیارے برطانوی ایئر بیس سے غلطی سے نہیں اڑے تھے۔ امریکا کو ایک دھمکی موصول ہوئی تھی، جس کے بعد طیاروں کو خطرے کی زد میں رکھنے کے بجائے وہاں سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ حکام ان لوگوں کو جانتے ہیں جنہوں نے یہ دھمکی دی تھی۔

اس سے قبل امریکی حکام نے کہا تھا کہ ایران کی جانب سے برطانیہ کے اہم فوجی اڈے پر پیچیدہ ڈرون حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کے خدشے کے باعث امریکی بی ون بمبار طیارے آر اے ایف فیئر فورڈ سے ہٹائے گئے۔

طیاروں کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی جب آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب متعدد افراد کو دہشت گردی کی مبینہ منصوبہ بندی کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا، تاہم اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

طیاروں کی منتقلی کے باوجود برطانوی وزیراعظم کے دفتر نے مؤقف برقرار رکھا ہے کہ آر اے ایف فیئر فورڈ محفوظ ہے، جبکہ برطانوی حکام ایئر بیس سے متعلق سیکیورٹی خدشات کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔