کراچی(نامہ نگار)صومالیہ کے ساحل پر بحری قزاقوں سے بازیاب کرائے گئے آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 کے مزید 3 پاکستانی شہری وطن واپس پہنچ گئے۔حسین یوسف، عمران علی اور محمد یاسین ایتھوپین ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچے۔
بازیاب ہونے والے پاکستانیوں کی کراچی ایئرپورٹ آمد پر گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا۔محمد یاسین کا تعلق پشاور جبکہ عمران علی اور سید حسین یوسف کا تعلق کراچی سے ہے۔
اس سے قبل صومالی قزاقوں سے چھڑائے گئے آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 میں جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانیوں کی میتیں اور 4 زخمی 4 اکتوبر کو کراچی پہنچے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرکے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانیوں کے بچوں کیلئےمفت تعلیم، صحت کی سہولتیں اور رہائش فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ کیلئےایک کروڑ 25 لاکھ روپے فی خاندان مالی معاونت کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

