صوبے کو نقصان پہنچانے والی پالیسی کی حمایت نہیں کریں گے: سہیل آفریدی

پشاور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ایسی کسی پالیسی کی حمایت نہیں کریں گے جس سے صوبے کو نقصان پہنچے، لانگ مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی کامیاب ہوچکا ہے۔پشاور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ بھارت سے نہیں بلکہ تین صوبوں سے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وفاق کی بات کر رہے ہیں جس نے صوبے میں دوبارہ دہشت گردی مسلط کی۔ جو آئین کی خلاف ورزی کرے گا، اسے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جواب دیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں، 126 دن کا دھرنا کیا لیکن ایک گملا بھی نہیں توڑا۔ میں خیبر سے کراچی تک گیا، تحریک چلائی، ایک گملا بھی نہیں توڑا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ تشدد کیا گیا اور جہاں قیام کیا وہاں کی بجلی کاٹ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ میں نے مسودے میں جو 7 نکات دیے ہیں وہ سب آئینی اور قانونی ہیں آئین ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے۔