لندن (رائٹرز) برطانیہ میں روس کیلئےمبینہ جاسوسی اور غیر ملکی خفیہ ادارے کی معاونت کے شبے میں امریکی فوج کے 41 سالہ سینئر اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔
برطانوی پولیس کے مطابق امریکی فوجی اہلکار کو منگل 10 نومبر کو انگلینڈ کے شہر گلوچسٹر کے قریب گرفتار کیا گیا۔ اس پر حساس سرکاری معلومات حاصل کرنے یا افشا کرنے اور غیر ملکی خفیہ ادارے کی معاونت کے شبے میں قومی سلامتی کے قانون کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں مبینہ طور پر روس سے تعلق رکھنے والے خفیہ ادارے کی معاونت کا پہلو زیرِ تفتیش ہے۔ اہلکار کو لندن کے ایک پولیس اسٹیشن میں حراست میں رکھا گیا ہے، جبکہ گلوسٹرشائر میں 2 مقامات پر تلاشی بھی لی جارہی ہے۔
امریکی تحقیقاتی ادارے کے سربراہ کاش پٹیل نے گرفتاری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاسوسی کے الزامات امریکا اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی کیلئے انتہائی تشویش ناک ہیں۔
امریکی فوج کے شعبہ انسدادِ جاسوسی کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل شان اسٹنچن نے کہا کہ حساس معلومات تک رسائی رکھنے والے فوجی اہلکار کے مبینہ اقدامات اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ اندرونی خطرات حقیقی اور مسلسل موجود رہتے ہیں۔برطانوی پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور اس کارروائی کا تعلق انسدادِ دہشت گردی کی دیگر جاری تحقیقات سے نہیں ہے۔

