مونٹریال (سی ٹی وی نیوز) کینیڈا کے شہر مونٹریال میں حاملہ بیوی کو چاقو کے وار کرکے قتل کرنے والے 45 سالہ شخص نے عدالت میں دوسرے درجے کے قتل کا جرم قبول کرلیا، جس کے بعد اسے عمر قید کی سزا کا سامنا ہے۔
ملزم مصطفیٰ خلیل میشکن نے منگل کو عدالت میں اعترافِ جرم کیا۔ اس نے جنوری 2024ء میں مونٹریال کے مشرقی علاقے ریویئر ڈے پریری۔پوائنٹ آکس ٹریمبلز میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں 32 سالہ اہلیہ نرجس بن یدر کو قتل کیا تھا۔ مقتولہ اس وقت جوڑے کے پہلے بچے کی ماں بننے والی تھی اور حمل کو 10 ہفتے ہوئے تھے۔
عدالت میں پیش کیے گئے حقائق کے مطابق نرجس بن یدر سو رہی تھیں جب ان کے شوہر نے ان پر چاقو کے تقریباً 50 وار کیے۔ واقعے کے بعد ملزم نے اپنے کپڑے تبدیل کیے اور ہنگامی امدادی ادارے کو فون کیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے واقعے سے قبل انٹرنیٹ پر نیند کے مسائل، افسردگی اور کام مکمل کرنے میں دشواری سے متعلق معلومات تلاش کی تھیں۔ اس نے یہ بھی تلاش کیا تھا کہ وہ اپنے بچے کی دیکھ بھال نہیں کرنا چاہتا اور قتل کے جرم میں کتنی قید ہوسکتی ہے۔
گرفتاری کے بعد بھی ملزم نے پوچھا تھا کہ کیا اسے عمر بھر جیل میں رہنا پڑے گا۔ جرم قبول کرنے کے بعد اب مقدمے میں بنیادی سوال یہ رہ گیا ہے کہ وہ کب پیرول پر رہائی کیلئے اہل ہوسکے گا۔عدالت آئندہ ہفتے مقتولہ کے اہل خانہ اور دیگر متاثرہ افراد کے بیانات سنے گی۔

