اوٹاوا(نمائندہ خصوصی) کینیڈا پوسٹ نے رائل کینیڈین لیجن کے قیام کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر نیا یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کردیا، جس میں سابق فوجیوں، ان کے خاندانوں اور مقامی برادریوں کیلئے ایک صدی پر محیط خدمات، قربانیوں کی یاد اور معاونت کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
رائل کینیڈین لیجن 1926ء میں قیام کے بعد سے سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کینیڈا بھر میں جنگی یادگاروں اور سابق فوجیوں سے متعلق سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔
کینیڈا پوسٹ کے مطابق پہلی جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد کینیڈا واپس آنے والے سابق فوجیوں نے بہتر نگہداشت، منصفانہ سلوک اور جنگ میں جانیں قربان کرنے والوں کی خدمات کے اعتراف کے لیے مختلف تنظیمیں قائم کی تھیں۔
17 جولائی 1926ء کو ان میں سے کئی تنظیمیں یکجا ہوئیں اور پارلیمنٹ کے قانون کے تحت ’’کینیڈین لیجن آف دی برٹش ایمپائر سروس لیگ‘‘ کے نام سے باقاعدہ طور پر قائم ہوئیں، جبکہ 1961ء میں تنظیم نے اپنا موجودہ نام ’’رائل کینیڈین لیجن‘‘ اختیار کیا۔
رائل کینیڈین لیجن آج بھی سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی مختلف پروگراموں کے ذریعے معاونت کررہی ہے۔ اس کی معروف سرگرمیوں میں قومی پوست مہم بھی شامل ہے، جس کے ذریعے سابق فوجیوں کی خدمات کے لیے فنڈز جمع کیے جاتے ہیں اور ہر سال لاکھوں سرخ پوست تقسیم کرکے جنگوں میں دی جانے والی قربانیوں کی یاد تازہ کی جاتی ہے۔
رائل کینیڈین لیجن کی کینیڈا بھر میں ایک ہزار 350 شاخیں ہیں اور تنظیم کے مطابق یہ شاخیں خدمت، ہمدردی اور ان افراد کو کبھی نہ بھولنے کے عزم کے ساتھ اس کی ایک صدی پر محیط وراثت کو آگے بڑھا رہی ہیں۔
نئے یادگاری ڈاک ٹکٹ پر رائل کینیڈین لیجن کا پرچم، 1926ء تا 2026ء کی تاریخیں اور ’’100 سال‘‘ کے الفاظ نمایاں کیے گئے ہیں۔ ڈاک ٹکٹوں کا ڈیزائن بلیئر تھامسن نے تیار کیا جبکہ تصاویر جو تھامسن نے بنائیں اور طباعت کلر انوویشنز نے کی۔
یادگاری اجرا میں مستقل ملکی شرح والے 6 ڈاک ٹکٹوں پر مشتمل کتابچہ اور اوٹاوا سے منسوخ شدہ سرکاری پہلے روز کا لفافہ بھی شامل ہے۔ یہ ڈاک ٹکٹ اور پہلے روز کے لفافے 17 جولائی سے کینیڈا پوسٹ کی ویب سائٹ اور ملک بھر کے مختلف ڈاک خانوں اور مجاز مراکز سے دستیاب ہیں۔

