پاور بینک پھٹنے سے طیارے میں آگ، پرواز کی ایمسٹرڈیم میں ہنگامی لینڈنگ

ایمسٹرڈیم (بین الاقوامی میڈیا) کے ایل ایم کی ایمسٹرڈیم سے کوراساؤ جانے والی پرواز کے ایل 735 کے بزنس کلاس کیبن میں لیتھیم بیٹری والا پاور بینک چارجنگ کے دوران پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور کیبن میں دھواں پھیل گیا۔

واقعے کے وقت طیارہ بحر اوقیانوس کے اوپر پرواز کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق پاور بینک بزنس کلاس میں سفر کرنے والے کے ایل ایم کے سابق سربراہ اور ڈچ وزیر کیمیل یورلنگز کا تھا۔

حکام کے مطابق کیمیل یورلنگز نے پاور بینک چارجنگ پر لگا کر سونے کی کوشش کی تھی، تاہم دورانِ پرواز لیتھیم بیٹری والے پاور بینک کو بغیر نگرانی چارج کرنے سے متعلق حفاظتی ہدایات پر عمل نہ ہونے کو واقعے کی اہم وجہ قرار دیا گیا۔

آگ لگنے کے بعد پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا اور طیارے کو واپس ایمسٹرڈیم کے اسخیپول ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ واقعے میں ایک مسافر معمولی زخمی ہوا۔