برطانیہ میں پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں 2 پاؤنڈ فی لیٹر تک پہنچ گئیں

کاؤنٹی سرے(نامہ نگار) برطانیہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، رواں ماہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً دو مرتبہ اضافہ ہوچکا ہے جس کے اثرات مہنگائی پر بھی پڑنے کا خدشہ ہے۔

مارکیٹ میں اس وقت پٹرول کی قیمت تقریباً ایک پاؤنڈ 80 پینس فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 2 پاؤنڈ فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، مختلف پٹرول پمپس پر قیمتوں میں معمولی فرق بھی موجود ہے۔ بعض پمپس پر پٹرول ایک پاؤنڈ 75 پینس سے ایک پاؤنڈ 80 پینس فی لیٹر جبکہ ڈیزل ایک پاؤنڈ 99 پینس سے 2 پاؤنڈ فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے۔

ہمارے نمائندے وجیہہ کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے برطانیہ میں مہنگائی کی نئی لہر آنے کا خدشہ ہے، ایندھن مہنگا ہونے سے سفری کرایوں، اشیا کی ترسیل اور روزمرہ استعمال کی مختلف اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

ان کے مطابق حکومت کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ دنیا میں جاری جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو قرار دیا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جنگ کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے اثرات برطانیہ پر براہ راست پڑسکتے ہیں اور آنے والے دنوں میں پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں اور مہنگائی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔