سعودی عرب کی خیبرپختونخوا میں مسجد پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

ریاض(سعودی وزارتِ خارجہ) سعودی عرب نے خیبرپختونخوا میں مسجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین، حکومت اور عوامِ پاکستان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے، شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے اور بے گناہ افراد کا خون بہانے کو مسترد کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور تشدد کے خلاف برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، خواہ اس کے محرکات یا جواز کچھ بھی ہوں۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔