فلوریڈا (خبر ایجنسیاں) سمندری طوفان ایسایس امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں فلوریڈا اور الاباما میں 5 لاکھ 90 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق ساحل سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت درجہ 2 سے کم ہوکر درجہ 1 رہ گئی۔ طوفان فلوریڈا کے شہر ڈیسٹن کے قریب ساحل سے ٹکرایا، تاہم خطرناک سمندری لہروں اور سیلاب کا خدشہ برقرار ہے۔
طوفان کے باعث فلوریڈا میں تقریباً 3 لاکھ 80 ہزار جبکہ الاباما میں 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے۔حکام نے خلیجی ساحلی علاقوں میں سمندر کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے اور سیلاب کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
امریکی حکام نے طوفان سے نمٹنے کیلئے فلوریڈا اور الاباما میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔ فلوریڈا انتظامیہ نے شمالی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر رہنے اور حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ریاست کے بعض شمالی علاقوں میں بگولوں سے متعلق انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ طوفان کی صورتِ حال پر پوری نظر رکھی جا رہی ہے اور اس سے نمٹنے کیلئےتیاریاں مکمل ہیں۔

