برطانیہ میں نقاب پوش افراد کا گھر پر حملہ، باپ بیٹا شدید زخمی

لیسٹرشائر (ایجنسیاں)برطانیہ کے علاقے لیسٹرشائر کے قصبے تھرنبی میں نقاب پوش افراد نے ایک گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے تین افراد کو زخمی کردیا، جن میں 15 سالہ لڑکا اور اس کا والد شدید زخمی ہیں۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق دو نقاب پوش افراد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گھر پر دھاوا بولا اور لڑکے، اس کی والدہ اور والد کو نشانہ بنایا۔ 40 سالہ خاتون کے ہاتھ اور کندھے پر چوٹیں آئیں، جبکہ لڑکے اور اس کے والد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے وقت گھر میں مزید تین بچے بھی موجود تھے، تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔

پولیس کے پہنچنے سے پہلے حملہ آور فرار ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والے شواہد کی بنیاد پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ایسٹ مڈلینڈز اسپیشل آپریشنز یونٹ کے ماہرین کے مطابق ابتدائی شواہد سے حملہ بظاہر بلااشتعال معلوم ہوتا ہے، تاہم حملے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔