تاشقند میں اقوام متحدہ ڈے کی تقریب، پاکستانی ثقافت اور روایتی کھانوں کی دھوم

تاشقند (نمائندہ خصوصی)ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کے انٹرنیشنل اسکول میں اقوام متحدہ ڈے کے سلسلے میں رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی ثقافت، روایتی کھانوں اور فنونِ لطیفہ پر مشتمل پاکستانی اسٹال شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا۔ تقریب میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو، سفارت خانہ پاکستان کے حکام، مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور غیر ملکی شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب کے اہم حصوں میں مختلف ممالک کی نمائندگی کے لیے ’’پریڈ آف نیشنز‘‘ اور ’’گلوبل ولیج‘‘ شامل تھے۔ سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے ’’میگنیفیسنٹ پاکستان اسٹال‘‘ کے عنوان سے سجائے گئے اسٹال پر ملک کے ثقافتی ورثے اور روایتی کھانوں کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔

پاکستانی اسٹال پر ٹرک آرٹ، اردو خطاطی، بچیوں کے لیے مہندی، پتنگ سازی اور کرکٹ کارنر جیسی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ پاکستانی پکوانوں نے بھی غیر ملکی مہمانوں کی توجہ حاصل کی۔ شرکاء نے پاکستان کی ثقافت، روایات اور فنون سے متعلق سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے مختلف ممالک کے اسٹالز کا دورہ کیا اور دوسرے ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے پاکستانی فن، ثقافت اور کھانوں کو ملنے والی پذیرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاشقند میں پاکستانی اسٹال کی نمایاں توجہ حاصل کرنا باعثِ فخر ہے اور یہ اقوام متحدہ کے امن، باہمی احترام اور ثقافتی ہم آہنگی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب میں شریک غیر ملکی مہمانوں اور سفارت کاروں نے پاکستانی اسٹال کی عمدہ ترتیب اور ثقافتی پیشکش کو سراہا۔ اس سرگرمی کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے، روایتی فنون اور قومی شناخت کو بین الاقوامی شرکاء کے سامنے اجاگر کیا گیا۔