پشاور (نامہ نگار)اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 11 ارکان مبینہ طور پر اغوا یا گرفتار ہوچکے ہیں، جن میں 8 ارکان صوبائی اسمبلی اور 3 ارکان قومی اسمبلی شامل ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی نے کہا کہ مبینہ طور پر اغوا ہونے والوں میں صوبائی وزراء فضل شکور اور ڈاکٹر امجد علی کے علاوہ عبدالسلام آفریدی اور محمد ریاض بھی شامل ہیں۔
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کے مطابق ارکان صوبائی اسمبلی سلطان روم، یامین خان اور محمد اعظم خان بھی لاپتا ہیں، جبکہ فتح الملک ناصر اور داور کنڈی کی مبینہ گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔
بابر سلیم سواتی نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی فضل خان اور زبیر خان بھی مبینہ طور پر اغوا ہوئے ہیں۔انہوں نے پارٹی ارکان کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کے ساتھ پیش آنے والے ان واقعات پر تشویش ہے۔

