بچوں کے عالمی جنسی استحصال نیٹ ورک کا بھارتی ملزم، پیرس میں 20 سال قید

پیرس (اے ایف پی، ایسوسی ایٹڈ پریس) پیرس کی عدالت نے بچوں کے جنسی استحصال اور تشدد کے عالمی آن لائن نیٹ ورک کی قیادت کرنیوالے 29 سالہ بھارتی شہری روہن رانے کو 20 سال قید کی سزا سنا دی۔ استغاثہ نے ملزم کیلئے 30 سال قید کی سزا طلب کی تھی۔

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق روہن رانے کو کم عمر بچوں کو آن لائن بلیک میل کرنے، جنسی استحصال پر مجبور کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے جرائم میں مجرم قرار دیا گیا۔ اس نیٹ ورک کے ارکان امریکا، برطانیہ اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک میں کم عمر بچوں کو نشانہ بناتے اور انہیں جنسی استحصال اور تشدد پر مبنی ویڈیوز بنانے پر مجبور کرتے تھے۔

تحقیقات کے مطابق ملزم آن لائن پلیٹ فارم ڈسکارڈ پر ’’سی وی ایل ٹی‘‘ نامی گروپ چلاتا تھا، جس کے ذریعے کم عمر لڑکیوں کو دھمکا کر جنسی استحصال اور خود کو نقصان پہنچانے پر مجبور کیا جاتا تھا۔ تفتیش کاروں نے اس گروہ سے منسلک متعدد متاثرین کی نشاندہی کی، جن میں کم عمر بچے بھی شامل تھے۔

روہن رانے کو 2021ء میں جنوبی فرانس کے شہر انتیب میں امریکی حکام کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت پانچ روز جاری رہی، جس کا بیشتر حصہ بند کمرے میں ہوا۔ عدالت نے اسے متعدد سنگین جرائم میں مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزا سنائی۔